سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سری لنکن ٹیم کے کئی کھلاڑیوں نے پاکستان میں سیکیورٹی خدشات کا اظہار کیا ہے۔ سری لنکا کرکٹ نے کھلاڑیوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ سیکیورٹی معاملات پی سی بی کے ساتھ مل کر دیکھے جا رہے ہیں۔ ٹیم اور عملے کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔
سری لنکن بورڈ کا کہنا تھا کہ ٹیم دورہ پاکستان شیڈول کے مطابق جاری رکھے گی۔جو کھلاڑی یا اسٹاف ممبر سری لنکا واپس گیا، اس کے خلاف باقاعدہ کارروائی ہوگی۔ واپسی کی صورت میں متبادل کھلاڑی بھیجے جائیں گے۔
واضح رہے ایک روزہ سیریز اور سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان آئی سری لنکن کرکٹ ٹیم نے دورہ ادھورا چھوڑ کروطن واپسی کی درخواست کی تھی۔ دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے درمیان ملاقات 90 منٹ تک جاری رہی۔ جس میں سربراہ پی سی بی نے سری لنکن ٹیم ممبران کے تمام تحفظات دور کئے اور انہیں دورہ پاکستان جاری رکھنے پر آمادہ کیا۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں کے ہر ایشو کو بہترین انداز سے حل کیا اور تمام پلیئرز کو بتایا کہ میں ذاتی طور پر تمام پلیئرز کی سیکیورٹی کو سپروائز کریں گے۔ چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے سری لنکن پلیئرز کی فیملیز کو پاکستان آکر میچز دیکھنے کی دعوت دی۔
